لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 نومبر 2023ء ) پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ورلڈ کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف گرین شرٹس کی فتح کے بعد ٹاپ آرڈر بلے باز فخر زمان کی تعریف کی ہے۔ شاہد آفریدی نے ہفتے کے روز X (ٹویٹر) پر ایک پوسٹ میں کہا کہ " فخر قوم کو آپ پر فخر ہے۔ ہمیشہ اپنی طاقت کے مطابق کھیلتے رہیں، چاہے کبھی ایسا ہو اور کبھی ایسا نہ ہو"۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ "پاکستان کے لیے مستقل میچ ونر بنیں، ہم ناقابل شکست رہیں گے۔ جیتنے والے لڑکوں کو مبارک ہو، ورلڈ کپ 2023ء کے لیے امید ناٹ آؤٹ ہے"۔
واضح رہے کہ ورلڈکپ کے 35ویں میچ میں فخر زمان کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت پاکستان نے ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت نیوزی لینڈ کو 21 رنز سے شکست دے دی۔
ورلڈکپ کا 35واں میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کے درمیان بنگولورو میں قائم چنا سوامی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، جس میں پاکستان کی دعوت پر نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے قومی ٹیم کو جیت کیلیے 402 رنز کا ہدف دیا تھا۔
پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کی تو عبد اللہ شفیق صرف چار رنز بنا کر 6 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے۔ اوپنر فخر زمان نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر شاندار بلے بازی کی اور 83 گیندوں پر تیز ترین سنچری بنائی۔ دوسرے اینڈ پر کپتان بابر اعظم نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان نے 21 اوورز میں 159 رنز بنائے تو بارش کے باعث میچ کو روکا گیا، ایک گھنٹے بعد جب برسات رکی تو امپائرز نے ڈی ایل ایس قانون کے تحت ہدف کو 342 رنز تک محدود کر کے نو اوورز کم کیے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے واحد وکٹ ٹم ساؤتھی نے حاصل کی۔ قبل ازیں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی بار 400 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔ انہوں نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 401 رنز بنائے۔ کیوی اوپنرز ڈیون کانوے اور راچن رویندرا نے ٹیم کو 68 رنز کا آغاز فراہم کیا، تاہم کانوے 35 رنز بناکر وکٹ گنوابیٹھے۔ دوسری وکٹ کی شراکت میں کین ولیمسن اور راچن رویندرا نے 180 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی تاہم کپتان ولیمسن نے 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 95 جبکہ راچن رویندرا 108 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔دیگر کھلاڑیوں میں ڈیرل مچل 29 اور مارک چیپمین 39، گلین فلپس 41 رنز بناسکے۔ مچل سینٹنر 26 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونئیر نے 3 حارث رؤف، افتخار احمد اور حسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔


