ڈالر کی قدر بڑھنے کا سلسلہ جاری‘ نئی قیمت پھر سے 285 روپے ہوگئی

 کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 نومبر 2023ء ) امریکی کرنسی ڈالر کی قدر بڑھنے کا سلسلہ دوبارہ جاری ہے جس کے نتیجے میں نئی قیمت پھر سے 285 روپے ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آج کاروباری ہفتے کے آغاز پر انٹر بینک میں ڈالر مزید مہنگا ہوا اور ڈالر 69 پیسے مہنگا ہونے کے بعد 285 روپے کا ہو گیا اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر 1 روپے مہنگا ہونے کے بعد اس کی نئی قیمت 286 روپے ہوگئی جب کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز انٹر بینک میں ڈالر 284 روپے 31 پیسے پر بند ہوا تھا۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج کاروباری ہفتے کا مثبت آغاز دیکھنے میں آیا جہاں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 430 پوائنٹس کے اضافے سے 53 ہزار 553 پر آگیا جب کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام 
پر 100 انڈیکس 53 ہزار 123 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔


ادھر مسلسل دوسرے ہفتے ملک کے ڈالر ذخائر میں ٹھیک ٹھاک کمی ہوئی، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے ملک کے زرمبادلہ ذخائر سے متعلق اعداد و شمار پر مبنی رپورٹ جاری کی گئی، مرکزی بینک کی رپورٹ کے مطابق 27 اکتوبر کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 7 کروڑ 90 لاکھ ڈالرکم ہوئے، 

یوں ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر گھٹ کر 12 ارب57کروڑ66 لاکھ ڈالر کی سطح پر آگئے۔

اس پہلے ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے پاس موجود زرمبادلہ کے ذخائر میں معمولی اضافہ رہا اور مرکزی بینک کے ذخائر1 کروڑ 36 لاکھ ڈالرز بڑھ کر 7 ارب 50 کروڑ 78 لاکھ ڈالر کی سطح پر آئے البتہ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں نمایاں کمی دیکھی گئی اوریہ ذخائر9کروڑ 26 لاکھ ڈالر کمی سے 5 ارب 6 کروڑ 88 لاکھ ڈالر کی سطح پر آئے، یہاں واضح رہے کہ اس سے پچھلے ہفتے کے دوران بھی ملکی زرمبادلہ ذخائر میں 25کروڑ 70لاکھ ڈالر کی بڑی کمی ہوئی 
تھی۔

Post a Comment

0 Comments
* Please Don't Spam Here. All the Comments are Reviewed by Admin.